کاروار:12؍فروری (ایس اؤ نیوز) سرکاری ملازمت ہر کسی کو نہیں ملتی ، لاکھوں لوگوں کے درمیان مقابلہ کرتے ہوئے اپنی محنت و لیاقت کی بنیاد پر سرکاری ملازمت حاصل ہوتی ہے۔ ان خیالات کا اظہار ضلع پردھان اور سیشنس عدالت کے منصف سی راج شیکھر نے کیا۔
وہ یہاں شہر کے پولس پریڈ میدان میں ریاست کے 13ویں بیچ کے وداعی مارچ پاسٹ پروگرام میں خطاب کررہے تھے۔
12اضلاع کے 72خاتون پولس کانسٹبلوں کی عارضی پولس ٹریننگ اسکول میں 8ماہ کی تربیت حاصل کرنے کے بعد جمعرات کو 13ویں بیچ کے وداعی مارچ پاسٹ تقریب میں مہمان خصوصی کے طور پر خطاب کرتے ہوئے انہوں نےکہاکہ پولس محکمہ کے متعلق کچھ لوگ بیزارگی اور ناراضگی کا اظہار کرتے ہیں ، ان شکایات کو دور کرنے کا کام اپ کو کرنا ہے۔ اپ کو محکمہ کی عزت میں اضافہ کرناہے۔ جو برا کرتےہیں انہیں خاموش بٹھانا اور عوام کے ساتھ صبر وتحمل سے پیش آتے ہوئے اپنی ڈیوٹی سے انصاف کرنے کی اپیل کی ۔
پروگرام میں تربیت پاکر فارغ ہوئیں خاتون پولس کا مارچ پاسٹ تمام لوگوں کی دلچسپی کا باعث بنا۔ پولس ٹریننگ اسکول کے پرنسپال ایڈیشنل ایس پی بدری ناتھ نے رپورٹ کی خواندگی کی۔ ضلع ایس پی شیوپرکاش دیوراج نے استقبال کیا۔ نائب پرنسپال دلیپ ایس پی نے شکریہ اداکیا۔ 8ماہ کے تربیتی مدت میں ہوئے مختلف مقابلہ جات میں شریک ہوئے مساہمین کے درمیان انعامات کی تقسیم عمل میں آئی ۔
12اضلاع کا عملہ : کاروار کے پولس پریڈ میدان میں 10جون 2020سے خاتون کانسٹبلوں کی تربیت کی شروعات ہوئی تھی۔ ان میں اترکنڑا سے 22،منگلورو شہر اور محکمہ ریلوے سے فی کس 10، چتردرگہ سے 9،دھارواڑ اور کے جی ایف سے فی کس 5، میسور کے 4، شیموگہ ، کولار سے فی کس 2، یادگیر ، ٹمکور، بیلگام شہر سے فی کس ایک ایک خاتون کانسٹبل تربیت میں شامل تھے۔